نئی دہلی، یکم دسمبر (ایس او نیوز /ایجنسی)دہلی، اتر پردیش اور شمالی ہند کے کئی علاقوں میں سردی میں اضافہ ہو گیا ہے۔ دہلی، اتر پردیش، ہریانہ، پنجاب، مدھیہ پردیش اور راجستھان کے متعدد شہروں اور دیہاتوں میں درجہ حرارت تیزی سے گر رہا ہے، اور صبح و شام سردی کا شدت سے احساس ہو رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق، شمالی ہند میں آئندہ دنوں میں درجہ حرارت مزید کم ہونے کا امکان ہے۔ کشمیر اور ہماچل پردیش جیسے پہاڑی علاقوں میں برفباری شروع ہو چکی ہے، جس کی وجہ سے ٹھنڈ میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اب صبح میں دھند اور ہلکا کہرا چھایا رہ سکتا ہے۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 27 ڈگری اور کم سے کم 11 ڈگری رہنے کا امکان ہے۔ دہلی کے لودھی روڈ میں کم سے کم درجہ حرارت اس وقت سب سے کم 9٫4 ڈگری رہا ہے۔ صفدر جنگ کے پاس صبح سات بجے حد نگاہ 600 میٹر اور آئی جی آئی ایئر پورٹ کے پاس صبح ساڑھے سات بجے کم سے کم حد نگاہ 800 میٹر درج کی گئی۔
جموں کشمیر کے اننت ناگ اور گلمرگ میں کافی برفباری ہوئی ہے۔ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی ہے کہ 2 دسمبر تک اونچائی والے پہاڑی علاقوں میں ہلکی بارش اور برفباری ہوگی۔ اس کے بعد 4 سے 6 دسمبر تک موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔ 7 دسمبر سے اگلے دو دنوں کے دوران اونچے علاقوں میں بارش اور برفباری ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے 1 سے 3 دسمبر تک لاہول اور اسپیتی، چمبا، کنور، کانگڑا، کُلو ضلعوں کے اونچے علاقوں میں ہلکی بارش اور برفباری کے آثار بتائے ہیں۔ یہاں کم سے کم اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں خاص تبدیلی نہیں ہوئی ہے اور ہفتہ کو لاہول اور اسپیتی کا صفر سے 9٫4 ڈگری کم درجہ حرارت کے ساتھ رات سب سے ٹھنڈ رہی۔ اونا 26٫6 ڈگری کے ساتھ سب سے گرم علاقہ رہا۔